پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر کا اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے سائنسی ادارے کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ

منگل 1 جولائی 2025 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیر رونگ ودھی ویرا بتر نے منگل کو اسلامی تعاون تنظیم کے سائنسی ادارے کامسٹیک سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور سینئر حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سائنس و ٹیکنالوجی میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کوآرڈینیٹر جنرل نے تھائی لینڈ کو او آئی سی اور کامسٹیک کا ایک فعال مبصر ملک قرار دیتے ہوئے باہمی سائنسی مقاصد میں اس کی شراکت داری کو سراہا۔ تھائی سفیر نے کامسٹیک کے تعاون کو سراہتے ہوئے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید مضبوط شراکت داری کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے مختلف مجوزہ منصوبوں سے اتفاق کرتے ہوئے مستقبل میں مشترکہ اقدامات کی حمایت کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مختلف شعبہ جات میں اشتراک پر غور کیا گیا جن میں تھائی تعلیمی اداروں کی "او آئی سی ٹیکنالوجی اینڈ انویشن پورٹل" پر رجسٹریشن، نوجوانوں کا سائنسی تبادلہ اور تھائی طلبہ و محققین کے لیے کامسٹیک فیلوشپس شامل ہیں۔ دیگر شعبوں میں "کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس" میں تھائی جامعات کی شمولیت، "ریکٹرز فورم" میں شرکت، سائنسی ابلاغ کے جرنل میں مضامین کی شمولیت اور بین الاقوامی ورکشاپس میں شرکت شامل ہیں۔

ملاقات میں سائنس و ٹیکنالوجی میں اشتراک کو ایک اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے تھائی لینڈ میں حلال ٹیسٹنگ اور تحقیق کے لیے ایک علاقائی مرکز کے قیام اور صلاحیت سازی پر اتفاق کیا گیا۔ ماحولیاتی پائیداری اور صنفی برابری کے فروغ کے لیے خواتین سائنسدانوں کے لیے سالانہ دس فیلوشپس اور ماحولیاتی فورمز میں تھائی اداروں کی شرکت پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں دونوں جانب سے مرحلہ وار ان منصوبوں کے آغاز اور مستقل رابطے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔