کراچی کی سڑکوں کی مرمت اور ان کی تعمیر کے لیے ٹائون چیئرمینوں کو دس ارب روپے سے زائد فنڈ فراہم کیے جانے کا انکشاف

منگل 1 جولائی 2025 16:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)کراچی کی سڑکوں کی مرمت اور ان کی تعمیر کے لیے ٹائون چیئرمینوں کو دس ارب روپے سے زائد فنڈ فراہم کیے گئے لیکن کسی سڑک کی مرمت نہ کی جاسکی ہے۔رپورٹ کے مطابق کراچی کے بیشتر ٹائونز کو روڈ کٹنگ کی مد میں بھاری رقم ملی۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹائون چیئرمینوں کو کراچی کی سڑکوں کو تعمیر کرنے کی خصوصی ہدایات بھی جاری کی تھی لیکن شہر کی سڑکوں کا حال ابتر ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ ٹائون میونسپل نارتھ ناظم آباد کو 2 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد رقم ملی، یہ رقم محکمہ سوئی گیس، واٹربورڈ، کیالیکٹرک اور پی ٹی سی ایل نے فراہم کی تھی۔ذرائع کے مطابق سوئی گیس کی جانب سے لیاری ٹائون کو تقریبا ڈیڑھ ارب روپے ملے تھے، جناح ٹائون کو روڈ کٹنگ کی مد میں 71 کروڑ روپے سے زائد ملے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ٹائونز نے شہری محکموں کو روڈ کٹنگ کی اجازت دے دی لیکن سڑکیں بنانے کیلئے جو رقم ملی وہ کہاں خرچ ہوئی یہ بتانے کیلیے کوئی ٹائون چیئرمین تیار نہیں۔

شہر میں سب سے زیادہ ٹائون چیئرمینوں کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔میونسپل کمشنر لیاری ٹائون حماد این ڈی خان نے واضح کیا ہے کہ روڈ کٹنگ پر ٹائون کو ملنے والی رقم محفوظ ہے۔۔انہوں نے رقم ملنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ رقم آئندہ ماہ سے لیاری ٹرانسفارمیشن پیکیج پرخرچ ہوگی، ماسٹر پلان پر کام جاری ہے۔حماد این ڈی خان نے کہا کہ پہلے فیز میں پانچ ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، روڈز کٹنگ کی رقم پر نئی پی سی ون بھی بنا کر حکومت کو بھیج دی گئی ہے اور اس کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔

میونسپل کمشنر لیاری ٹائون نے کہاکہ آئندہ ماہ سے ٹینڈرنگ پراسیس شروع کریں گے، لیاری میں روڈز کی کٹنگ سے ٹائون کا زیادہ نقصان ہوا ہے۔صورتحال سے پریشان اہلیان کراچی کا سوال ہے کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلیے ملنے والی رقم آخر کب استعمال کی جائے گی