سندھ بھر میں اسکائوٹس کی خدمات کو مانیٹر کرنے کیلئے صوبائی اسکائوٹ ہیڈ کوارٹراور ڈویژنل اسکائوٹ ہیڈکوارٹر خیرپور اور شکار پور میں کنڑول روم قائم

سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے 5ہزار سے زائد اسکائوٹس اور لیڈرز عشرہ محرم الحرام شہادت امام حسین کے سلسلے میں ہونے والی مجالسِ اور جلوسوں میں خدمات انجام دیں گے،سید اخترمیر

منگل 1 جولائی 2025 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے 5ہزار سے زائد اسکائوٹس اور لیڈرز عشرہ محرم الحرام شہادت امام حسین کے سلسلے میں ہونے والی مجالسِ اور جلوسوں میں خدمات انجام دیں گے۔ سندھ بھر میں اسکائوٹس کی خدمات کو مانیٹر کرنے کیلئے صوبائی اسکائوٹ ہیڈ کوارٹراور ڈویژنل اسکاوٹ ہیڈکوارٹر خیرپور اور شکار پور میں کنڑول روم قائم کیے جائیں گے ۔

یہ بات سندھ بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے ایک اجلاس میں بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ خیر پور ، رانی پور ، سکھر ، جیکب آباد، کشمور کندھ کوٹ، لاڑکانہ ، شکار پور ، نو شہروفیروز ، مورو، قمبر شہداد کوٹ، دادو ، حیدر آباد ، بدین ، میر پور خاص سمیت سندھ کے اضلاع میں2ہزار جبکہ کراچی میں 3ہزار سے زائد اسکائوٹس ،اسکائوٹ لیڈرز اور گرلز اسکائوٹس محروم الحرام کے دوران ہونے والی مجالس اور جلوسوں میں خدمات انجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

جلوسوں میں خدمات انجام دینے والے اسکائوٹس کو ایمرجنسی ریسپانس ، طبی امداد ، فائر فائٹنگ ، گاڑیوں اور افراد کی تلاشی سمیت بم کی شناخت کرنے کے حوالے سے خصوصی تربیت پاکستان رینجرز سندھ ، سندھ پولیس ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے دی گئی ہے یہ تربیت یافتہ اسکائوٹس کسی بھی ممکنہ صورتحال میں امن و امان کو بحال کرنے اور لوگوں کی مدد کرنے کے امور سے واقف رہ کر صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کریں گے ۔

سندھ بھر کے اسکائوٹس سے رابطے اور انہیں مکمل سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبائی اسکائوٹ ہیڈ کوارٹرز کراچی میں ڈپٹی سیکرٹری فرقان یوسفی جبکہ خیر پور میں مشتاق آریجو اور شکار پور ڈویژنل اسکاوٹ ہیڈکواٹڑز میں شوکت بلوچ کی سربراہی میں کنٹرول روم قائم کئے گئیہیں جہاں سندھ کے تمام شہروں میں خدمات دینے والے اسکائوٹس سے رابطہ رکھاجا ئے گا ۔

کراچی میں کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے سیکریٹری آغا طاہر عباس کی سربراہی میں یوم عاشور پر تقریبا تین ہزار سے زائد اسکائوٹس سرگرم عمل ہوں گے جو مرکزی جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرنے والوں کی جامہ تلاشی ، رہنمائی ، پارکنگ ایریا میں خدمات انجام دیں گے ، جگہ جگہ طبی امداد ی کیمپ قائم ہوں گے جہاں غمگساران امام حسین کو طبی امداد دی جائے گی جبکہ متاثرین کو ایمبولینس کے ذریعہ اسپتال پہنچایا جائے گا ۔ نیز مرکزی جلوس کے ہمراہ کنٹینر ز میں موبائل اسپتال بھی ہوں گے جس میں چھوٹے آپریشن کی بھی سہولیات بھی میسر ہوں گی علاوہ ازیںمحرم الحرام کے دوران گرلز اسکائوٹس اور بوائز اسکائوٹس کے علاوہ پاکستان کرسچن اسکاوٹس بھی شانہ بشانہ سرگرم عمل ہوں گے ۔