مانسہرہ،ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کا محرم الحرام کے جلوس روٹس اور حساس مقامات کا دورہ

منگل 1 جولائی 2025 19:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ضلعی انتظامیہ مانسہرہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے محرم الحرام کے جلوس روٹس اور حساس مقامات کا دورہ کیا،ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور نے محرم الحرام کے پیش نظر مرکزی امام بارگاہ مفتی آباد اور علی مسجد غازی کوٹ کا مشترکہ دورہ کیا جہاں محرم کے دوران سیکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،دورے کے دوران پاکستان آرمی کے افسران،ڈی ایس پی سٹی جاوید خان،ایس ایچ او تھانہ سٹی عاصم بخاری،انسپکٹر ٹریفک انس خان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران موجود تھے،ضلعی انتظامی افسران نے موقع پر موجود سیکیورٹی ٹیمز کو ہدایت دی کہ جلوس و مجالس کے دوران مکمل الرٹ رہ کر فرائض انجام دئیے جائیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے،ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ پولیس فورس ہر طرح سے تیار ہے،امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور تمام مکاتب فکر کے علماء و مشران سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اتحاد،یکجہتی اور بھائی چارے کی فضاء کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔