پشاور ہائیکورٹ نے کے پی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پرحلف سے روک دیا

منگل 1 جولائی 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء) پشاورہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کومخصوص نشستوں پر حلف لینے سے روک دیا۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) نے مخصوص نشستوں سے متعلق پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ پی ٹی آئی( پی) کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ کے پی اسمبلی میں ہماری جماعت کے 2 اراکین ہیں مگر ہمیں صرف خواتین کی ایک مخصوص نشست دی گئی، ہم زیادہ مخصوص نشستوں کے حق دار ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ آپ لوگ الیکشن کمیشن جائیں وہاں کے بعد یہاں آئیں، اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جب ایک بار نوٹیفکیشن ہوجائے تو پھر کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ جسٹس سید ارشد علی نے سوال کیا کہ اگر سیٹیں الاٹ ہوچکی ہیں پھر ہم کیا کریں اس میں درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سیٹیں دی گئی ہیں لیکن اراکین سے حلف ابھی نہیں لیا گیا، الیکشن کمیشن نی19 مخصوص نشستیں تقسیم کی ہیں ،مخصوص نشستیں 22 ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے خیبرپختونخوا اسمبلی کو مخصوص نشستوں پرحلف لینیسے روکتے ہوئے الیکشن کمیشن اور اسمبلی کو نوٹس جاری کردیے۔