Live Updates

مصر اور قطر کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کے لیے رابطہ

غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے حصول کی کوششوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی

بدھ 2 جولائی 2025 12:24

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن الثانی کے ساتھ حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ خاص طور پر غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے حصول کی کوششوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔مصری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بات چیت میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کو دوبارہ شروع کرنے، فلسطین میں خونریزی روکنے، قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی فوری روانی کو یقینی بنانے کے لیے مصر، قطر اور امریکہ کے درمیان مشترکہ کوششوں پر توجہ دی گئی۔

عبد العاطی نے فلسطینی حکومت اور اقوام متحدہ کے تعاون سے غزہ میں جلد بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کے لیے مصر کی جانب سے جاری انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

یہ کانفرنس اس وقت ہوسکتی ہے جب مستقل جنگ بندی کا معاہدہ طے پا جائے گا۔دونوں وزرا نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی سے متعلق تازہ ترین پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

جنگ بندی کو مستحکم کرنے، کشیدگی میں کمی اور علاقائی بحرانوں کے سفارتی حل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔عبدالعاطی نے مشرق وسطی میں استحکام اور سلامتی کے حصول کے لیے کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایرانی جوہری پروگرام پر مذاکرات کی بحالی کے لیے مصر کی حمایت کا اظہار کیا۔ عبدالعطی نے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات پر زور دیا اور بڑھتے ہوئے مصر- قطری تعلقات کو سراہا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات