حماس ثابت قدمی سے سپر پاور کا مقابلہ کر رہی ہے،محفوظ النبی

غزہ میں حسینیت کے علمبرداروں کی ثابت قدمی، امام حسین کی استقامت کا عالم کیا ہوگا

بدھ 2 جولائی 2025 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)غزہ کے مسلمان ڈیڑھ سال سے مسلسل حسینیت کا پرچم سربلند کئے ہوئے یزیدیت سے برسر پیکار ہیں جب معرکہ کربلا کے چودہ سو برس بعد آج بھی نہتے فلسطینی مسلمان اپنی قوت ایمانی اور استقامت کے سہارے سپر پاور اور اس کے بغل بچے کو چیلنج کئے ہوئے ہیں تو امام حسین ابن علی کی استقامت کا کیا عالم ہوگا ان تاثرات کا اظہار معروف سماجی و سیاسی رہنما محفوظ النبی خان نے اشفاق لودھی، بابر شیخ، محمد صدیق بلوچ اور سول سوسائٹی کے دیگر نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا محفوظ النبی خان نے کہا کہ حماس ایک ملیشیا ہے کوئی ریگولر فوج نہیں، اس کے باوجود اس نے دنیا کی سپر پاور کو شیطان بزرگ گرداننے والو سے زیادہ ثابت قدمی سے اسرائیل کی جدید ترین افواج کا مقابلہ کیا اور آج بھی کر رہے ہیں ایران اسرائیل جنگ سے مسلم ممالک میں غزہ کی نسل کشی پس منظر میں چلی گئی تھی جو کہ جنگ بندی کے بعد دوبارہ اہمیت حاصل کر رہی ہے تاہم مغربی ممالک کی سول سوسائٹی کی بڑی اکثریت غزہ کے مسئلہ پر اپنے حکمرانوں کی پالیسیوں کو قطعی غیر جمہوری رویہ سمجھتی ہے جس کے باعث مغربی دنیا میں فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت میں روز بروز شدت آتی جا رہی ہے جس پر اقبال کا یہ شعر صادق آتا ہے کہ 'مل گئے پاسبان کعبہ کو صنم خانے سی'۔