مجھے کسی بھی نام سے پکارا جائے یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے،ساجد خان

بدھ 2 جولائی 2025 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ مجھے کسی بھی نام سے پکارا جائے یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے ہر کوئی اپنے انداز سے مجھے بلاتا ہے۔این سی اے اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوچ عبدالرحمٰن کے ساتھ اسپن بولنگ کے شعبے پر کام ہو رہا ہے، میں آرم بال اور کریز کے استعمال پر کام کر رہا ہوں۔

ساجد خان نے کہا کہ ٹیسٹ کھیلنا اعزاز کی بات ہے، میں نے وائٹ بال سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، میں وائٹ بال پر بہت کام کر رہا ہوں، جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آوں گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا یے کہ مجھے وائٹ بال بھی سوٹ کرتی ہے میں اسی مطابق بولنگ کر رہا ہوں، میری خواہش ہے کہ پی ایس ایل سمیت تمام وائٹ بال کرکٹ کھیلوں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ میری خواہش ہے کہ زیادہ ٹیسٹ میچز ہوں تاکہ ہماری رینکنگ بہتر ہو، ہمارا جیسا سرکل ہے، مجھے اٴْمید ہے کہ ہم ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گے، 4 روزہ ٹیسٹ اچھا نہیں ہے، میری ذاتی رائے یہ ہے کہ 5 روز کا ہی ٹیسٹ ہو تو اچھی بات ہے۔

ساجد خان نے کہا کہ اسکلز کیمپ میں ہمیں سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، اظہر محمود کے ساتھ کام کیا ہوا ہے، ہمیں ان سے فائدہ ہو گا، کاؤنٹی کرکٹ کے لیے میری بات چیت چل رہی ہے، جلد معاہدے کے حوالے سے پتہ چل جائے گا، میری خواہش ہے کہ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلوں۔