سندھ ہائیکورٹ ، شہر کے مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشوں پر پابندی کیخلاف درخواست پر سندھ حکومت، کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ و دیگر کو نوٹس جاری

بدھ 2 جولائی 2025 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے شہر کے مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشوں پر پابندی کیخلاف درخواست پر سندھ حکومت، کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ ہائیکورٹ میں شہر کے مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشوں پر پابندی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل صلاح الدین گنڈا پور ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ سندھ حکومت نے کمشنر کراچی کے ذریعے ابتدائی طور پر 12 روٹس پر چنگچی رکشوں پر پابندی عائد کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں نوٹیفکیشن میں ترمیم کرکے 30 روٹس کو بند کردیا گیا۔ پابندی عائد کرنے سے قبل متاثرہ فریق سے مشاورت نہیں کی گئی۔ شہر بھر میں 60 ہزار چنگچی رکشے چلتے ہیں۔ 80 فیصد چنگچی رکشے پابندی والے روٹس پر چلتے تھے۔ پابندی سے چنگچی رکشہ چلانے والے غریب شہری متاثر ہورہے ہیں۔ قوانین میں ترمیم کے بعد پابندی کا اختیار کمشنر کراچی کے بجائے بلدیاتی نمائندوں کا ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت، کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 16 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔