سندھ ہائیکورٹ نے ایئر پورٹ خود کش حملے کے کیس کی ملزمہ گل نسا کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی

بدھ 2 جولائی 2025 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے ایئر پورٹ خود کش حملے کے کیس کی ملزمہ گل نسا کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی۔ ہائیکورٹ میں ایئر پورٹ خود کش حملے کے کیس کی ملزمہ گل نسا کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ملزمہ کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ جونیئر وکیل نے موقف دیا کہ شوکت حیات ایڈووکیٹ اسلام آباد میں مصروف ہیں۔

ہماری درخواست ہے کہ یو ایس بی کا ڈیٹا ہمیں فراہم کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس حوالے سے تو آپ کو ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنا چاہیئے۔ قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے موقف دیا کہ حتمی چالان کے بعد مفرور ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی جاری ہے۔ ہمیں اگست تک مہلت دی جائے تاکہ اس درخواست کی مزید تیاری کر سکیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواست کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔

پولیس کی جانب سے حتمی چالان ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جاچکا ہے۔ چالان میں ماسٹر مائنڈ کمانڈر بشیر بلوچ عرف بشیر زیب اور عبدالرحمان عرف رحمان گل کو مفرور قرار دیا ہے۔ ٹرائل کورٹ نے مفرور ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا تھا کہ ملزمہ پر لگائے گئے سہولتکاری، کالعدم تنظیم سے روابط کے دستاویزات فراہم کئے جائیں۔

پراسکیوشن کی جانب سے کیس میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ کے بعد جاوید اور سراج عرف دانش ائیرپورٹ سے فرار ہوگئے تھے۔ اکتوبر 2024 میں کراچی ائیر پورٹ کے قریب چینی باشندوں پر خود کش حملہ کیا گیا تھا۔ حملے میں 2 غیر ملکی ہلاک ہوگئے تھے۔ کیس میں ملزمہ گل نسا اور جاوید گرفتار ہیں۔ ملزمان پر خود کش حملے میں سہولتکاری کا الزام ہے۔