ائیرکارگو ریٹس میں ہوشربا اضافہ، چارجز میں 100 گنا تک اضافہ کردیا گیا

پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے نئے کارگو چارجز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا اور نئے چارجز کا نفاذ ہوگیا ہے

بدھ 2 جولائی 2025 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے کارگو چارجز میں ہوش ربا اضافہ کرتے ہوئے چارجز میں 100 گنا تک اضافہ کر دیا اور اس کا نفاذ بھی کردیا گیا۔پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے نئے کارگو چارجز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا اور ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر نئے کارگو چارجز یکم جولائی سے فوری طور پر نافذ العمل کردیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پروازوں میں پالتو پرندے، بلی، کتے، پان کے پتے اور جنرل کارگو کے نئے ریٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت پالتو پرندوں کو پرواز میں لے جانے پر چارجز میں 50 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔پروازوں میں پالتو طوطے، بلی اور کتے و دیگر پرندے اور جانور کے جانے پر چارجز 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی کلو کردیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹس اتھارٹی نے پان کے پتے پر کارگو چارجز میں 100 فیصد اضافہ کردیا ہے اور نئے ریٹس 70 روپے کلو کردیے گئے ہیں، ڈینجریس گڈز کے کارگو ریٹس 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی کلو مقرر کردیے گئے ہیں۔

اسی طرح جنرل کارگو کے نرخ میں 25 فیصد اضافہ کرکے جنرل کارگو کے نئے ریٹس 125 روپے کلو کردیے گئے ہیں، ٹرانس شپمنٹ کے کارگو ریٹس بڑھا کر 15 روپے فی کلو مقرر کردیے گئے ہیں۔ائیرپورٹس اتھارٹی حکام کا موقف ہے کہ کارگو چارجز 5 سال بعد بڑھائے ہیں اور ائیرپورٹس اتھارٹی ایگزیکٹو کمیٹی نے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر کارگو چارجز میں اضافے کی منظوری دی ہے اور نئے کارگو ریٹس ملک بھر کے ائیرپورٹس پر یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگئے ہیں۔