علی امین گنڈاپور اشتہاری ہیں ریلیف کیلئے عدالت آنا پڑے گا،وارنٹ معطلی کی درخواست کی سماعت10جولائی تک ملتوی

بدھ 2 جولائی 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے اکتوبر2022 کے احتجاج پر درج مقدمہ میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتار معطلی کی درخواست میں سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہاکہ ملزم اشتہاری ہو تو جب تک عدالت سرنڈر نہیں کرتا تو اشتہار منسوخ نہیں ہوسکتا، ریلیف کیلئے علی امین گنڈاپور کو عدالت آنا پڑے گا۔

بدھ کے روز سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن کی جانب سے وارنٹ معطلی کی درخواست دائر کی گئی جس پر سماعت کے دوران موقف اختیار کیاگیاکہ پشاور ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے روک رکھا ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ میں علی امین گنڈاپور کو گرفتار نہیں کروا رہا،آپ آئی جی کے پاس جائیں اور کہیں کہ عدالت کا حکم ہے گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہاکہ عدالت کے پاس اختیار ہے کہ وہ وارنٹ گرفتاری معطل کرسکتی ہے۔ فاضل جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ پشاور ہائیکورٹ سے اس عدالت کو کوئی اطلاع نہیں آئی،علی امین گنڈاپور اس عدالت میں اشتہاری ہیں جس کی وجہ سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے،پشاور ہائیکورٹ نے انہیں حکم دیا ہے گرفتاری سے روکنے کا جنہوں نے گرفتار کرنا ہے۔

عدالت نے آپ کے ہائیکورٹ جانے سے پہلے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔عدالت نے کوئی نیا وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیا۔عدالت نے صرف وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا لکھا تھا،عدالت نے وارنٹ گرفتاری معطلی کی درخواست پر علی امین گنڈا پورکے آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا جس کے بعد دوبارہ سماعت کے دوران راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایاکہ علی امین گنڈاپور انسداد دہشت گردی عدالت پیش نہیں ہو سکتے،انڈرٹیکنگ دیتے ہیں کہ 10جولائی کو عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ ملزم اشتہاری ہو جب تک عدالت میں سرنڈر نہیں کرتا تو اشتہار کینسل نہیں ہو سکتا،ریلیف کیلئے علی امین گنڈا پور کو عدالت آنا پڑے گا۔ وکیل نے کہاکہ عدالت سے استدعا ہے کہ وارنٹ معطل کردے،10جولائی کو جب عدالت پیش ہوں گے تو عدالت اشتہار تب کینسل کر دے۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ علی امین گنڈا پور کی عدم موجودگی میں نہ تو اشتہار کینسل ہو سکتا ہے اور نہ وارنٹ معطل ہو سکتا ہے،پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ پشاور ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کریں،علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل نہیں کررہے۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کی وارنٹ معطلی اور اشتہاری کی کارروائی ختم کرنے کی درخواست پر سماعت10جولائی تک ملتوی کر دی۔