صوبائی وزیرمیرظہوراحمدبلیدی کی مستونگ شہر میں دہشت گرد حملےکی شدید مذمت

بدھ 2 جولائی 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہاہے کہ فتنہ الہندوستان کے آلہ کار دہشت گردی کی تمام حدیں پارکررہے ہیں ،صوبائی و وفاقی حکومتیں اور سکیورٹی فورسزعوام کی مدد سے ان دہشتگردوں کو شکست دیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی نے مستونگ شہر میں دہشت گردوں کے حملے اور معصوم شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ اور سرکاری و نجی املاک کو جلانے اور نقصان پہنچانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مٹھی بھر دہشت گرد اور فتنہ الہندوستان کے آلہ کار اپنے بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے وحشت اور دہشت کی تمام تر حدیں پار کررہے ہیں اور عام لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر سرے عام قتل کر رہے ہیں۔ ظہور احمد بلیدی نے قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول پولیس کی بروقت کارروائی کو قابل ستائش قرار دیا ہے اور کہا کہ صوبائی و وفاقی حکومتیں اور سکیورٹی فورسز بلوچستان کے عوام کی مدد سے ان دہشتگردوں کو شکست دیں گے اور انہیں بہت جلد قانون اور عوامی عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔