اینٹی نارکوٹکس فورس اور لاہور قلندرز کے درمیان نوجوانوں میں منشیات کے خلاف مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 3 جولائی 2025 14:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان اور لاہور قلندرز کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں،جس کا مقصد نوجوانوں میں منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔اس اشتراک کے تحت دونوں ادارے مل کر منشیات کی روک تھام کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں،آگاہی مہمات اور تعلیمی پروگراموں کا انعقاد کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمانڈر ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر سکندر حیات چوہدری اور لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا عاطف نے مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط کئے۔اس موقع رانا عاطف نے کہا کہ لاہور قلندرز ہمیشہ نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں رہنمائی کرتا آیا ہے اور اب یہ اشتراک ایک قومی خدمت کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ہم اس مہم کو ایک جہاد سمجھ کر آگے بڑھائیں گے تاکہ ہمارا مستقبل محفوظ ہو۔اس شراکت داری کے تحت ملک بھر میں مختلف آگاہی پروگرامز، سیمینارز اور کھیلوں کے ایونٹس منعقد کئے جائیں گے جن کا مقصد منشیات سے پاک معاشرے کا قیام ہے۔