پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی

حکومت ہمیں اپنے اقدامات سے مجبور کر رہی ہے کہ ہم کاروبار بند کر کے ملک گیر ہڑتال کریں،ملک شہزاد اعوان

جمعرات 3 جولائی 2025 16:04

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کی ملک ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ تنظیموں نے شدید ردعمل دیا ہے دوسری جانب عوامی حلقوں نے بھی اس اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے ویڈیو بیان میں ملک کی ٹرانسپورٹ برادری کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے 5 فیصد کرایہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے صرف ٹرانسپورٹ برادری ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے عوام متاثر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی تحفظ حاصل نہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کے صدر نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں ہماری گاڑیوں کونذر آتش اور پنجاب میں اسلحے کے زور پر لوٹا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں اپنے اقدامات سے مجبور کر رہی ہے کہ ہم کاروبار بند کر کے ملک گیر ہڑتال کریں، ٹول ٹیکس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اب ود ہولڈنگ ٹیکس میں بھی دو فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے چاروں صوبوں کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز سے مشاورت ہو رہی ہے اور بہت جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا کریں گے، واضح رہے کہ آل کراچی ٹرانسپورٹرز نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا عندیہ دیا ہے۔