آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال گولڈ کپ کوئٹہ میں 15جولائی کے بعد شروع ہوگا،سیکرٹری

جمعرات 3 جولائی 2025 16:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) سیکرٹری کھیل و امورنوجوانان بلوچستان درا بلوچ نے کہا ہے کہ آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال گولڈ کپ 2025ء کوئٹہ میں 15جولائی کے بعد شروع ہوگا جس کی تیاریاں بھر پور طریقے سے جاری ہیں،ایوب سپورٹس کمپلیکس میں فٹ بال گراؤنڈ کی بہتری کیلئے اسٹاف بھر پور محنت کر رہا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایوب سپورٹس کمپلیکس میں واقع فٹ بال گراؤنڈ کے معائنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

درا بلوچ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور مشیر کھیل مینا مجید کی خصوصی ہدایت پر محکمہ کھیل نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں 15جولائی کے بعد آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال گولڈ کپ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ملک بھر سے ٹیمیں شرکت کریں گی، گولڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں اورکھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال گولڈ کپ کے انعقاد سے نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔