خانپور میں بااثر ٹمبر مافیا کیخلاف کارروائی ،جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی بڑی کوشش ناکام ،مرکزی سرغنہ گرفتار

غیر قانونی لکڑی سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی گئی،کسی دباؤ میں آئے بغیر جنگلات کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں‘مریم اورنگزیب

جمعرات 3 جولائی 2025 17:42

خانپور میں بااثر ٹمبر مافیا کیخلاف کارروائی ،جنگلات کی غیر قانونی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ماحولیاتی تحفظ مشن پر عملدرآمد کے سلسلے میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ محکمہ جنگلات پنجاب نے خانپور میں بااثر ٹمبر مافیا کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مرکزی سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی لکڑی سے بھری ایک گاڑی موقع پر ہی قبضے میں لے لی گئی۔

مقامی پولیس کے ہمراہ ریڈ کے دوران ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا اور تھانہ شادانی میں مقدمہ نمبر 645/25 درج کر لیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے محکمہ جنگلات کی فوری اور مؤثر کارروائی پر عملے کو شاباش دی۔ تاہم، مرکزی ملزم کی عبوری ضمانت کے بعد ڈی ایف او رحیم یار خان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں اور ایف آئی آر واپس لینے کے لیے شدید دباؤ ڈالا گیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں محکمہ جنگلات نے ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطہ کیا، جبکہ غیر قانونی دباؤ پر ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مزید مقدمہ نمبر 651/25 بھی درج کر لیا گیا۔سینئروزیرمریم اورنگزیب نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر دھمکیاں معمول کا حصہ بن چکی ہیں، لیکن کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر جنگلات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ قدرتی وسائل کی حفاظت میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر قیمت پر قانون کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔

محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ٹمبر مافیا کے خلاف سرگرم ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح ہدایت ہے کہ بااثر عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کی جائے تاکہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔