حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں کم کرنے کی بجائے غربیوں کا خون چوس رہا ہے‘ضیاء الدین انصاری

آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھاکر عوام پر مہنگائی آئٹم بم چلایا ہے

جمعرات 3 جولائی 2025 18:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی ہدایات پر عمل درآمد کے خلاف شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیاں کم کرنے کی بجائے اورمہنگائی کے بوجھ تلے پسے ہوئے عوام کا خون چوس رہا ہے،حکومت کے تمام دعوے جھوٹ اور فریب پر مبنی ہیں، جن کا مقصد صرف عوام کو سبز باغ دکھانا ہے۔

ان خیالات اظہار انہوں نے چائینہ سکیم زون 150 ممبرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں امیر جماعت اسلامی شمالی لاہور عثمان افضل، چوہدری ذوالفقار ایڈووکیٹ، زاہد شباب بٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر چوہدری محمد شوکت، سیف الرحمٰن، چوہدری محمد اسلم، مظہر ملک ایڈووکیٹ، ناصر جٹ، عبدالمنان سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ کے نوجوانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ضیاء الدین انصاری ایڈؤوکیٹ نے پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھاکر عوام پر مہنگائی آئٹم بم چلایا ہے۔ یہ فیصلے عام شہری کی زندگی اجیرن بنانے کے مترادف ہیں۔ مہنگائی نے غریب کے چولہے ٹھنڈے کر دیے ہیں، بچے بھوکے سو رہے ہیں اور والدین ادویات، تعلیم اور بنیادی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکمران طبقہ خود مراعات، پروٹوکول اور غیر ملکی دوروں پر اربوں روپے خرچ کر رہا ہے، مگر دوسری جانب غریب آدمی کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران اپنی شاہانہ زندگیوں پر کٹ لگائیں اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کریں۔بجلی کی قیمتوں میں مستقل ریلیف فراہم کریں، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیں۔

امیر لاہور نے آئی ایم ایف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستانی معیشت کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ رہا ہے، جبکہ حکمران خوشی خوشی ان کی شرائط مان کر ملک کی خودمختاری کو داوپر لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہر محاذ پر عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی اور کسی صورت ان ظالمانہ اقدامات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔