سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی برطانیہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل سے اہم ملاقات

ملاقات میں سکھ کمیونٹی کے مسائل، سرمایہ کاری کے مواقع اور بین الاقوامی روابط پر بات چیت

جمعرات 3 جولائی 2025 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب اور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے لندن میں برطانیہ میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یو کے میں مقیم پاکستانی سکھ کمیونٹی کے مسائل، ویزا سہولیات، مذہبی سیاحت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی سطح پر پنجاب حکومت کی اقلیت دوست پالیسیوں کے فروغ سے متعلق اہم گفتگو ہوئی۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر یو کے میں مقیم سکھ ڈائس پورا کی طرف سے پاکستان میں سکھ یاترا کو فروغ دینے کے لیے روڈ شوز منعقد کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ ان روڈ شوز کے ذریعے دنیا بھر میں پنجاب میں اقلیتوں، بالخصوص سکھ برادری، کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سکھ برادری کو جو عزت، مذہبی آزادی، اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وہ قابلِ فخر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہنا ہماری روایت اور ریاستی پالیسی کا حصہ ہے۔اہم ملاقات میں یو کے میں مقیم سکھ یاتریوں کے لیے ویزا فیسیلیٹیشن میں بہتری، خصوصی کاو?نٹرز اور سہولت مراکز کے قیام،پنجاب میں 40 تاریخی گوردواروں کی تعمیر و بحالی، ان کی دستاویزی ویڈیو سیریز اور عالمی سطح پر ان کا تعارف کرانے کی تجویز،کرتارپور راہداری کو مزید فعال اور جدید سہولیات سے آراستہ بنا نے کے لئے کرتا پور اور ننکانہ صاحب میں فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر تاکہ بیرون ملک سے آنیوالی سکھ یاتریوں کے قیام و طعام کی مشکلات کم ہوں، سکھ ڈائس پورا کی پاکستان میں مذہبی سیاحت، سماجی بہبود اور ہیریٹیج پروجیکٹس میں سرمایہ کاری، برطانیہ میں تعینات پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے سکھ ڈائس پورا سے براہ راست رابطے اور سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے اور پنجاب حکومت کی اقلیتوں کے لیے جاری اسکالرشپس، روزگار، اور نمائندگی کے پروگرامز کے بارے میں آگاہی بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مذہبی مقامات کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ ڈاکٹر فیصل نے سکھ برادری کی خدمات اور ان کے پاکستان سے قلبی تعلق کو سراہتے ہوئے ہر ممکن سفارتی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ سکھ یاتریوں اور ڈائس پورا کے لیے ویزا سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے گا۔