Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب گندم اُگائو مہم کے تحت کامیاب کاشتکاروں میں فری ٹریکٹرز کی تقسیم کے سلسلہ میں پروقار تقریب کاانعقاد

جمعرات 3 جولائی 2025 18:07

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے گندم اُگائو پروگرام 2024-25کے تحت محکمہ زراعت توسیع قصور کے زیرِ اہتمام ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کے زیر نگرانی ضلع قصور کے 19 کامیاب کاشتکاروں میں حکومت پنجاب کی طرف سے فری ٹریکٹر تقسیم کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد ضلع کونسل ہال قصور میں کیا گیا۔

ممبر صوبائی اسمبلی /چیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ایم پی اے احسن رضا، اے ڈی سی جی سلمون ایوب،ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع توسیع ظہور الحسن اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گندم اُگاو? پروگرام کے تحت جو کاشتکار ساڑھے بارہ ایکڑ میں سب سے زیادہ گندم کاشت کرے گا اس کو انعام دیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ظہور الحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال اس پروگرام کے تحت 3لاکھ 45 ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی جن کاشت کاروں نے 70 من فی ایکڑ گندم کا پیداواری ہدف حاصل کیا ان میں سے پہلے نمبر پر آنے والے کاشت کار بھائی کو حکومت پنجاب کی جانب سے NH 4805 فری ٹریکٹر اور دوسرے نمبر پر آنے والے کو 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاگیا تھا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے لیے 1ہزار ٹریکٹرز جبکہ ضلع قصور کے لیے 21ٹریکٹرز خوش نصیب کاشت کاروں میں تقسیم کرنے کے لیے منظور کیے گئے۔ جن میں سے 19 ٹریکٹرز موصول ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیاہے۔ قصور ضلع بھر سے ساڑھے بارہ یکڑ پر گندم کاشت کرنے والے کاشتکاروں نے آن لائن اپلائی کیا جن میں سے 21کامیاب خوش نصیب کسان بذریعہ قرعہ اندازی کامیاب قرار پائے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ایک ٹریکٹر کی مالیت 24 لاکھ 28 ہزار روپے ہے جو حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کو بالکل مفت دیا جارہا ہے۔ تقریب میں ٹریکٹر ڈیلر نے گرین ٹریکٹر کی ڈیلیوری سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی حاجی محمدنعیم صفدر انصاری نے کہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے زراعت کے شعبے میں کاشتکار بھائیوں کو دی جانے والی بہت ساری مراعات کا ذکر کیا اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زراعت کے شعبے میں دلچسپی رکھنا اور اس کو ترقی دینے کے لیے بہت سارے اقدامات لائق تحسین ہیں۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات بروئے کار لارہی ہیں اور کسانوں کو میرٹ پر جدید زرعی مشینری فراہم کی جارہی ہیں تاکہ زراعت کے شعبہ میں جدت لاکر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنایا جاسکے۔ ممبر صوبائی اسمبلی احسن رضا نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت زراعت سمیت تمام شعبہ جات میں میرٹ اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھ کر تمام تر منصبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا یا جارہاہے۔

قصور کے کاشتکاروں کو بلا امتیاز میرٹ پر ٹریکٹرز تقسیم کرنا اسی شفافیت کی زندہ مثال ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رواں مالی سال میں خصوصی طورپر آبپاشی کے لیے ساڑھے 8ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاری ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل کے لیے گذشتہ تمام حکومتوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی میں اس دفعہ تمام سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کے پراجیکٹ بھی منظور کیے گئے ہیں اور اب پنجاب صحیح معنوں میں ترقی کر رہا ہے۔تقریب کے اختام پر تمام کامیاب کاشتکاروں کو اونر شپ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور ٹریکٹر کی چابیاں بھی کاشتکار بھائیوں کے حوالے کی گئیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات