شہریوں پرشیرکا حملہ، فارم ہاؤس کا مالک اور بیٹے گرفتار،مقدمہ درج

وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے شیر کو تحویل میں لیکر وائلڈ لائف پارک بھجوا دیا،پولیس نے متاثرہ خاندان کے فرد محمد قیصر باجوہ کی مدعیت میں درج مقدمے میں اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 4 جولائی 2025 11:12

شہریوں پرشیرکا حملہ، فارم ہاؤس کا مالک اور بیٹے گرفتار،مقدمہ درج
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04جولائی 2025)لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں شیر کے شہریوں پر حملے کے معاملے میں پولیس نے فارم ہاؤس کے مالک اوراس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا، پولیس نے متاثرہ خاندان کے فرد محمد قیصر باجوہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے،مقدمے میں اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق فارم ہاؤس کے مالک ملک ناظم کے بیٹے، ملک بہرام کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔

وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شیر کواپنی تحویل میں لیتے ہوئے وائلڈ لائف پارک بھجوادیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ رات لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں واقع شاہ دی کھوئی کے فارم ہاؤس میں موجود شیرنے دیوار پھلانگ کر گلی میں کودا اور حملہ کردیا تھا جس میں 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جوہرٹاؤن میں واقع فارم ہاؤس کے پالتو شیرکا پنجرا کھلا رہ گیاتھا۔

منظر عام پر آنے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا تھا کہ شیر فارم ہاؤس کی دیوار پھلانگ کر سڑک پر آجاتا اور سامنے سے آنے والی خاتون کو زخمی کردیتا تھا۔ زخمیوں کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ جہاں ان کا علاج جاری ہے۔زخمیوں میں شامل دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، وائلڈ لائف کی ٹیم فارم ہاؤس کی جانب روانہ ہوگئی تھی۔

پولیس کے مطابق فارم ہاؤس میں رکھے شیر کا جنگلہ کھلا رہ گیا تھا۔ فارم ہاؤس میں موجود شیر کا جنگلہ کھلا رہ جانے کی وجہ سے وہ باہر آ گیا اور اچانک فیملی پر جھپٹ پڑاتھا۔ حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیاتھا۔ترجمان محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس کاکہنا تھا کہ لاہور کے علاقہ شاہ دی کھوئی میں ملک اعظم مرتضی عرف شانی نامی ایک شخص نے غیر قانونی اور بنا لائسنس شیر کو اپنے ڈیرے پر رکھا ہوا تھا۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق اچانک شیر ڈیرے سے  باہر آگیاتھا جس کو وہ لیکر موقع پر فرار ہوگیا تھا۔ محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کی  اسپیشل ٹیمیں شیر کی  برآمدگی اور اس کے مالک کی گرفتاری کیلئے شاہ دی کھوئی اور دیگر مقامات پر چھاپے مار رہی تھیں جبکہ  ایف آئی آر کے اندراج کیلئے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا تھاکہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کسی بھی فرد کو شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی کے شوق شہریوں کی جان کیلئے خطرہ  بنے ہرگز قبول نہیں تھا۔