عمانی بوشر بائیکرز کلب کا وفد واپس وطن روانہ ہو گیا

جمعہ 4 جولائی 2025 12:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2025ء) عمانی بوشر بائیکرز کلب کا وفد واپس وطن روانہ ہو گیا۔خیر سگالی دورے پر پاکستان آیا عمانی بوشر بائیکرز کلب کا وفد جمعہ کو واپس وطن روانہ ہو گیا۔وفد لاہور ائیرپورٹ سے نجی ایئرلائن کے ذریعے روانہ ہوا۔ بوشر بائیکرز کلب ممبران نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پاکستان آنا ہمارے لئے خوشگوار تجربہ ہے،ہم دل کی گہرائیوں سے پاکستانی حکام اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں اتنا پیار دیا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سیاحوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا کا ایک خوبصورت ملک ہے،اس کا دورہ ضرور کریں،یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں،ہمیں یہاں آ کر بہت پیار ملا،ہم اس دورے کو کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔

(جاری ہے)

عمانی وفد کے ممبران میں عیسی الحسنی، محمد النبھانی، کامل اے آئی وہبی، ماجد الرواحی، محمد منینی، ماجد الوہابی اور محمد الرواحی شامل تھے۔

واضح رہے کہ اس دورے کا مقصد عمانی موٹر سائیکل سواروں کے پاکستان میں سفر کا اہتمام کرنا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا تھا تاکہ اتحاد، دوستی اور علاقائی تعاون کے پیغام کو تقویت دی جا سکے۔ اپنے دورے کے دوران عمانی وفد نے پاکستان کے مختلف شہروں اسلام آباد سے خنجراب اور شمالی علاقے جات کا دورہ کیا اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔