قرآن وسنت کے تابع نظام شریعت کے نفاذ کیلئے قانون سازی کی جائے،علماء ومشائخ

ہمیں ایک قوم بن کر دفاع وطن اور امن وامان کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے

جمعہ 4 جولائی 2025 14:30

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)سرگودھا کے علما و مشائخ نے اپنے خطبات جعمہ میں عظمت صحابہ و اہل بیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عاشورہ کے دوران امن و امان کے لئے مکمل بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر دفاع وطن اور امن وامان کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے جس کے لیے پوری قوم افواج پاکستان اور اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

زرائع کے مطابق جمعیت اشاعت اہلسنت والسنہ کے صوبائی نائب امیر علامہ محمد عطا اللہ بندیالوی، مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے سرپرست اعلی علامہ سید محمد سبطین شاہ نقوی، انٹرنیشنل ختم نبوت پنجاب کے صدر قاری احمد علی ندیم، قومی امن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے ضلعی صدرمفتی شاہد مسعود،چیئرمین حافظ وقاص قاسمی، اتحاد العلما بین المذاہب کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا ملک ضیا الحق، ضلعی سیکرٹری اطلاعات شیخ نعیم طاہر،ضلعی کنونئیر قاری عبدالوحید، متحدہ علما کونسل کے قاری وقار احمد عثمانی ، امیر افضل اعوان، مسجد کے خطیب پروفیسر مولانا فضل الحق بندیالوی، مسجد حامد علی شاہ کے مولانا احمد حسن چشتی، جامع مسجد کے خطیب مولانا انعام اللہ جلالی اوردیگر علما و مشائخ نے اپنے خطبات میں عظمت صحابہ واہل بیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عاشور کے دوران امن وامان کے لئے مکمل بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی پر زور دیا اور کہا کہ پوری قوم کو اسلام اور ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہو کر دفاع وطن اور امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صبر و تحمل ۔قومی اتحاد و اتفاق اور جذبہ حب الوطنی کو خاص اہمیت دے کر ملک میں قرآن وسنت کے تابع نظام شریعت کے نفاذ کے لئے قانون سازی پر زور دیا۔علما و مشائخ نے کہا کہ دہشتگردی، مہنگائی، سودی نظام اور ٹیکسوں کے خاتمہ سے ملک خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔اس لئے ہر شہری پر زمہ داری عائد ہوتی کہ وہ دفاع وطن اور علاقہ میں امن وامان کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور توحید و سنت کے پرچار کے ساتھ غیر اسلامی رسومات کو ترک کر کے نونہالان وطن کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کی طرف راغب کریں تودنیا و آخرت میں کامیاب و کامران سے مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دفاع وطن اور قیام امن کے لئے پوری قوم افواج پاکستان اور اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وقت آنے پر ہراول دستے کا کردار ادا کرئے گی۔ ان اجتماعات کے آخر میں امن وامان اور بھائی چارے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی، اسلام کی سربلندی، ملک کی سلامتی، فلسطین و کشمیر کی آزادی اورامت مسلمہ کے اتحاد و شہیدا کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔