اقلیتوں سمیت ہر شہری کو ریلیف دینے کیلئے دن رات سرگرم ہیں،ہارون رومیو

قیوم آباد ہو یا شہر کا کوئی اور علاقہ، ہماری ترجیح صرف عوامی خدمت ہے،عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلانا ہمارا فرض ہے،اقلیتی کونسلر

جمعہ 4 جولائی 2025 19:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)قیوم آباد یونین کونسل نمبر 1، ٹی ایم سی کورنگی ٹائون میں اقلیتی کونسلر ہارون رومیو کی جانب سے بر وقت اور موثر اقدام نے عوامی مسائل کے حل کی ایک شاندار مثال قائم کر دی۔ حالیہ بارشوں کے بعد علاقے میں سیوریج کے نظام میں پیدا ہونے والی رکاوٹ نے شہریوں کے لیے آمد و رفت کو شدید دشوار بنا دیا تھا، جہاں گلیوں میں گندا پانی جمع ہو گیا تھا اور سیوریج کے مین ہولز بند ہونے کی وجہ سے تعفن اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا تھا۔

اس سنگین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسلر ہارون رومیو نے فوری طور پر مسئلے کی نشاندہی کی اور نکاسی آب کا ہنگامی کام شروع کروایا۔ ان کی ذاتی نگرانی میں سیوریج کے بند مین ہولز کو کھولا جا رہا ہے اور گلیوں سے جمع شدہ پانی کی نکاسی کے لیے خصوصی مشینری کے ذریعے اقدامات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہارون رومیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلانا ہمارا فرض ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور میئر کراچی کی سرپرستی میں پاکستان پیپلزپارٹی شہر کے ہر علاقے میں بلا تفریق خدمت انجام دے رہی ہے۔ ہم اقلیتی برادری سمیت ہر شہری کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دن رات سرگرم ہیں۔ قیوم آباد ہو یا شہر کا کوئی اور علاقہ، ہماری ترجیح صرف عوامی خدمت ہے۔ہارون رومیو کی یہ کاوش ان کی عوام دوستی، فرض شناسی اور عملی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مقامی افراد نے ان کے اس بروقت اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی کمیونٹی کی بہتری کے لیے سرگرم رہیں گے۔یاد رہے کہ ہارون رومیو نہ صرف اقلیتی برادری کے لیے ایک موثر آواز ہیں بلکہ وہ علاقے کی مجموعی بہتری کے لیے ہر وقت متحرک نظر آتے ہیں۔ ان کی قیادت میں قیوم آباد میں ترقیاتی سرگرمیاں، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کا عمل مسلسل جاری ہے، جس سے علاقے کے رہائشیوں کو حقیقی ریلیف میسر آ رہا ہے۔