آج 5 جولائی جمہوریت پرشب خون مارنے کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا،نثارکھوڑو

جمعہ 4 جولائی 2025 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2025ء)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ 5 جولائی جمہوریت پرشب خون مارنے کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ 5جولائی 1977 آمر ضیا الحق کا شہید بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کا اقدا تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ جمعہ کو اپنے جاری بیان میں نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے آئین سے 58 ٹو بی کی شق کا خاتمہ کرواکے رات کے اندھیرے میں جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجنے کا راستہ ہمیشہ بند کرادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی اصل حالت میں بحالی،18 ویں ترمیم کی منظوری اور 58 ٹو بی کی شق کے خاتمے کا کریڈٹ پارلیمنٹ اور صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔ 18ویں ترمیم میں آئین توڑنے والوں کو آرٹیکل 6 کا مرتکب قرار دیا گیا ہے جبکہ ماضی مں رات کے اندھیرے میں جمہوری حکومتوں کو گھر بھیج کر آمریت مسلط کی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک میں تمام مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل اور پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی میں ہے اگر تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرینگے تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سندھ اسمبلی کی قرارداد کو اہمیت دے کر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری طور پر شہید اور قومی جمہوری ہیرو ڈکلیئر کرے۔