غزہ میں امدادی مراکز پر انسانی قافلوں کے قریب 613 افراد جان سے گئے، اقوامِ متحدہ

509 افرادغزہ ہیومیٹرین فائونڈیشن کے تقسیمی مقامات کے قریب ہلاک ہوئے،ترجمان کی گفتگو

ہفتہ 5 جولائی 2025 13:58

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ اس نے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت یافتہ غزہ ہیومینٹیرین فائونڈیشن (جی ایچ ایف)کے زیرِ انتظام امدادی مقامات اور اقوامِ متحدہ سمیت دیگر امدادی گروپوں کے زیرِ انتظام امدادی قافلوں دونوں کے قریب کم از کم 613 ہلاکتیں ریکارڈ کی ہیں۔

(جاری ہے)

اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر ہائی کمشنر (او ایچ سی ایچ آر)کی ترجمان روینہ شمداسانی نے جنیوا میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہم نے جی ایچ ایف مراکز پر اور انسانی امداد کے قافلوں کے قریب 613 ہلاکتیں ریکارڈ کی ہیں۔ یہ 27 جون تک کے اعداد و شمار ہیں۔ اس کے بعد سے مزید واقعات ہوئے ہیں۔"او ایچ سی ایچ آر نے کہا کہ ہلاک ہونے والے 613 افراد میں سے 509 جی ایچ ایف کے تقسیمی مقامات کے قریب ہلاک ہوئے۔او ایچ سی ایچ آر نے کہا، اس کے اعداد و شمار متعدد ذرائع مثلا ہسپتالوں، قبرستانوں، خاندانوں، صحت کے فلسطینی حکام، این جی اوز اور ادارے کے شراکت داروں کی معلومات پر مبنی ہیں۔ دفتر نے کہا ہے کہ وہ مزید اطلاعات کی تصدیق کر رہا ہے اور ابھی تک یہ نہیں بتا سکتا کہ وہ کہاں ہلاک ہوئے۔