چناری،جسکول آبشار پر سٹے آرڈر کے باوجود جہلم ویلی انتظامیہ نے نصف صدی سے زائد عرصہ سے مقیم غریب مزدوروں کی املاک ڈوزر لگا کر توڑ دیں

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:59

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء)چناری کے قریب جسکول آبشار پر سٹے آرڈر کے باوجود جہلم ویلی انتظامیہ نے نصف صدی سے زائد عرصہ سے مقیم غریب مزدوروں کی املاک ڈوزر لگا کر توڑ دیں،جہلم ویلی انتظامیہ کے غریب دشمن رویہ پر ضلع بھر میں شدید غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی،وزیر اعظم،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور ملکی سلامتی کے اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ جمعیت علماء اسلام نے انتظامیہ کو معاملہ یکسو کرنے کے لیے جمعرات تک کی مہلت دے دی ۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جہلم ویلی انتظامیہ نے بغیر کسی حکومتی اور محکمہ سیاحت آزاد کشمیر کے تعاون کے جسکول آبشار پر پاکستان اور آزاد کشمیر بھر سے آنے والے سیاحوں کی سہولیات کے لیے بنائے گئے شلٹر کو معہ سامان ڈورزر لگا کر توڑ دیا جس پر ضلع بھر میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے،عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ بااثر پر ہاتھ ڈالنے کے بجائے غریبوں پر ظلم کر رہی ہے ضلع کے اکثر بازاروں میں ناجائز تجاوزات،غیر قانونی اڈے قائم ہیں جن کی وجہ سے بازاروں میں عام لوگوں کا چلنا محال ہے ،ان اڈوں کو انتظامیہ نے خود اجازت دے رکھی ہے ،ان کے ختم کرنے کی جگہ ایک سائیڈ پر غریب مزدور کی املاک کو ڈوزر لگا کر تباہ کرنا کونسا انصاف ہے،جہلم ویلی انتظامیہ کے دوہرے معیار کے باعث عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے،جمیعت علماء اسلام جہلم ویلی کے قائدین نے جسکول آبشار کا دورہ کرتے ہوئے مظلوم کی حمایت،ظالم انتظامیہ کے خلاف آواز بلند کرنے ،قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا،امیر جمعیت علماء اسلام ضلع جہلم ویلی مولانا مختیار کیانی،ناظم انتخابات جمعیت علماء اسلام ضلع جہلم ویلی مولانا اختشام الحق اعوان نے کہا کہ ایک سائیڈ پر زیر تعمیر عمارت کو گرا دیا گیا، جس سے غریب کے بچوں کا پیٹ پلتا تھا،جمیعت علماء اسلام جہلم ویلی نے آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہم ضلعی انتظامیہ کو جمعرات تک کا ٹائم دیتے ہیں کہ اس معاملے کو حل کیا جائے اور کیے گئے ظلم پر اہل علاقہ سے اعلانیہ معذرت کرے،اگر جمعرات تک یہ معاملہ یکسو نہ ہوا تو ایسی صورت میں جمعہ کے دن ضلعی انتظامیہ کے ظلم کے خلاف مساجد میں آواز بلند ہوگی، اگر ضرورت پڑی تو ہم ہر حد تک مظلوم کی حمایت میں جائیں گے،ایسی نااہل اور ظالم انتظامیہ کو جہلم ویلی کے بھائی چارہ ،اعلی اخلاق وکردار پر مبنی فضا کو خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایک عدالت سے سٹے خارج ہونے کے بعد دوسری عدالت سے سٹے لیا گیا اس کے باوجود سٹے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نصف صدی سے زائد عرصہ سے آباد غریبوں کو بے دخل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی جو قابل مذمت ہے،دوسری طرف جہلم ویلی انتظامیہ کی جانب سے جاری پریس رہلیز میں کہا گیا ہے کہ ہم نے ناجائز تجاوزات کی خلاف آپریشن کیامسمی محمدمنظور رات کی تار یکی میں خالصہ سرکار واقع جسکول آبشارکے اطراف غیر قانونی طور پر تعمیرات کررباتھا،جسے تحت ضابطہ رقبہ خالصہ سرکار میں مداخلت سے منع کیا کیالیکن مسمی مذکور نے عدالت سول کورٹ ہٹیاں سے حکم امتناعی عارضی حاصل کررکھا تھا، جس باعث مسمارگی کی کارروائی نہ ہوئی ،عدالت سول کورٹ نے مورخہ16جون کو حکم امتناعی خارج کیا،جس کے بعد مسمی مذکور کو متعدد نوٹس دیے گئے لیکن وہ باز نہ آیا،ناجائز تجاوزات کے خلاف مسمی مذکور کی جانب سے تعمیر کردہ پلرز اور بیمزکو مسمار کرتے ہوئے کارروائی ضابطہ جاری ہے ،علاوہ ازیں موضع چند کوٹ میں قائم کردہ اڈہ پر رقبہ خالصہ سرکار میں مسمی گل زرین خان ولد قلندر خان نے ناجائز قبضہ کر رکھا تھا جس کو قبل ازیں متعدد بار تحریری اور زبانی آگاہ کیا گیا کہ وہ رقبہ خالصہ سرکار میں مداخلت ،تجاوزات نہ کرے لیکن وہ بھی باز نہ آیا اس طرح مسمی مذکور کی جانب سے ہونے والی بر موقعہ تعمیرات ،ناجائز تجاوزات کو مسمار کردیا گیا ، حسب ہدایت ڈپٹی کمشنر جہلم ویل آئندہ ضلع بھر کے رقبہ خالصہ سرکار،شاملات دیہہ ،محفوظ کاہچرائی ؂پر کسی قسم کی مداخلت ،تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کرنے والے اشخاص اور ان کی اعانت کرنے والے افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،اور کسی بھی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی