محرم الحرام ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ

ہفتہ 5 جولائی 2025 23:01

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے حق بات پر ثابت قدم رہنےاور اللہ کی رضا کے لیے ہر قربانی دینے کا درس دیتا ہےعوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام میں امن و بھائی چارے کو فروغ دیں اور شہدائے کربلا کے پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ واقعہ کربلا قیامت تک حق و باطل کے درمیان فرق کرنے کا پیمانہ اور معیار ہے ،امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانی صراط مستقیم پر چلنے والوں کے لیے رہتی دنیا تک ایک روشن مثال ہے۔

(جاری ہے)

میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ شہدائے کربلا نے اپنے قول و فعل سے صبر، استقلال، بہادری اور جانثاری کی ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک مظلوموں اور حق پرستوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔

امام حسینؓ نے یزیدی ظلم و جبر کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا بلکہ حق کا علم بلند رکھتے ہوئے دین اسلام کی بقاء و سربلندی کے لیے اپنی اور اپنے خاندان کی عظیم قربانی پیش کی۔صوبائی وزیر میر سلیم خان کھوسہ نے کہا کہ کربلا کا عظیم درس یہ ہے کہ باطل چاہے کتنا ہی طاقتور ہو حق کے سامنے اس کی کوئی حیثیت نہیں رہتی امام حسینؓ کا پیغام انسانیت کے لیے صبر، تقویٰ قربانی اور عدل کا درس ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان کا کردار دین اسلام کی بقاء اور انسانیت کی آزادی کی سب سے مضبوط بنیاد ہے۔\378