میرواعظ عمرفاروق کا حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں میرواعظ عمرفاروق نے حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے شہدائے کربلا بالخصوص حضرت امام حسین کو جو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺکے نواسے ہیں،اسلام کے بنیادی اصولوں کے تحفظ کیلئے دی گئی عظیم قربانی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ حضرت امام حسین نے ظلم و جبر کے سامنے سر تسلیم خم کرنے سے انکار کر کے حق و صداقت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے ہمیشہ کے لیے مثال قائم کی۔ کربلا میں دی گئی ان کی قربانی اسلام اور انسانیت کی تاریخ کا روشن باب ہے۔میرواعظین کشمیر کی صدیوں پر محیط روایت کو برقرار رکھتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق یوم عاشورہ کے موقع پرآستانہ عالیہ علم صاحب نرورہ سرینگر میں خطاب کریں گے جس میں وہ یوم عاشورہ کی فضیلت، فلسفہ شہادت اور واقعات کربلا پر روشنی ڈالیں گے اور اجتماعی دعا کی قیادت کریں گے۔ اس موقع پر بارانِ رحمت اور غیر معمولی گرمی کی لہر و خشک سالی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔