شاہدرہ ٹاؤن میں کمسن کار ڈرائیور نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، ایک جاں بحق

حادثہ اس وقت پیش آیا جب 11 سالہ بچہ بغیر کسی لائسنس یا نگرانی کے گاڑی چلا رہا تھاکمسن کار ڈرائیور کی شناخت 13 سالہ حاشر کے نام سے ہوئی ہے جسے شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 7 جولائی 2025 11:13

شاہدرہ ٹاؤن میں کمسن کار ڈرائیور نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07جولائی 2025)لاہور کے علاقے  شاہدرہ ٹاؤن میں کمسن کار ڈرائیور نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا،ایک شخص جاں بحق،5 افراد زخمی ہوگئے،حادثہ اس وقت پیش آیا جب 11 سالہ بچہ بغیر کسی لائسنس یا نگرانی کے گاڑی چلا رہا تھا،پولیس کے مطابق تیز رفتار کار ایک کمسن ڈرائیور چلا رہا تھا جس نے 3 موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر ماری۔

عینی شاہدین کے مطابق، کمسن بچہ گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور تین موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔ حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق کمسن کار ڈرائیور کی شناخت 13 سالہ حاشر کے نام سے ہوئی ہے جسے شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ہے۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا جبکہ بچے کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور بچے کے والدین سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق زخمی شہریوں اور لاش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔شہری حلقوں کی جانب سے کمسن بچوں کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔

دریں اثنائکراچی میں شاہراہ فیصل پر ریس لگانے کے دوران 2 موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔بتایا گیا ہے کہ شہر قائد کی مرکزی شاہراہ پر ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں موٹر سائیکلوں کی ریس کے دوران آپس میں ٹکر ہوگئی، اس حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دونوں موٹرسائیکل سوار شاہراہ فیصل پر ریس لگا رہے تھے، ابتدائی طور پر دونوں موٹرسائیکل سوار زخمی ہوئے تھے، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک نوجوان علاج کے دوران دم توڑ گیا۔حکام کے مطابق مرنے والے اور زخمی شخص کی شناخت کی جارہی ہے۔