امام حسین ؓاور شہدائے کربلا حق، انصاف اور وقار کے لیے ڈٹے رہے،میر واعظ

پیر 7 جولائی 2025 12:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے یوم عاشورہ کی اسلامی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہدائے کربلا حق، انصاف اور وقار کے لیے ڈٹے رہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے یوم عاشورہ کے موقع پر سرینگر میں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کربلا کے تاریخی واقعے کی تفصیل بیان کی اور امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے حق، انصاف اور وقار کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

میرواعظ نے کہا کہ جب ہم امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہدائے کربلا کی تعظیم کرتے ہیں توہمیں سکھایا جاتا ہے کہ شدید مشکلات کے باوجود حق، انصاف اور وقار کے لیے کھڑا رہنا ایمان کی اعلی ترین شکل اور ثابت قدمی کا ایک لازوال سبق ہے۔

(جاری ہے)

ان کی قربانی آنے والی نسلوں کو تحریک دلاتی رہے گی۔ میرواعظ نے فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے دعا کی اور غزہ اور دیگر مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر ان کے قتل عام اور نسل کشی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سمیت پوری امت مسلمہ آزادی اور انصاف کی منصفانہ جدوجہد میں فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔