قصور،لاہور میں ٹریفک حادثا ت میں دو بچوں سمیت 3افراد جاں بحق ،12زخمی

قصور میں رکشہ مخالف سمت سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گیا ،دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے

پیر 7 جولائی 2025 15:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) قصور اور لاہور میں ٹریفک حادثات میں دو بچو سمیت3افراد جاں بحق جبکہ 10زخمی ہو گئے۔شاہدرہ میں کم سن کار سوار نے تین موٹرسائیکل سوار نوجوانوں کو کچل دیا۔حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ایک نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے، موقع پر موجود شہریوں نے لڑکے کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

حادثے کی اطلاع پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین نے بتایاکہ 10 سے 11 سالہ بچے نے موٹرسائیکل سواروں پر گاڑی تیز رفتاری کے باعث چڑھائی، کار ڈرائیور بچے نے پولیس کو بیان دیا کہ ماموں نے کہا کہ گاڑی لے جا ئواور سیکھو، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔قصور میں قصور دیپالپور روڈ پیش آنے والے حادثے میں رکشہ مخالف سمت سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گیا ، جس سے رکشہ پر سوار دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دس افراد زخمی بھی ہوئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈمپر میں بورنگ کا سامان لوڈ کیا ہوا تھا، ریسکیو اہلکاروں نے مرنے والے بچوں کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پرمقامی ہسپتال منتقل کردیا، جہاں زخمیوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔