واقعہ کربلا کشمیریوں اور دنیا بھرکے مظلوموں کے لیے مشعل راہ ہے،حریت قیاد ت

بھارتی ظلم کو ایک دن شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور کشمیری آزادی کی صبح ضرور دیکھیں گے

پیر 7 جولائی 2025 16:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے شہدائے کربلا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی نے ثابت کیاہے کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جیل میں بند حرت قیادت نے عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا کہ لوگوں کو ان کی مثال سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت ایک ایسا واقعہ ہے جو شہدائے کربلا کی جانب سے اسلام کی روح کو برقرار رکھنے کے لیے دی گئی بے پناہ قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔عاشورہ کے عظیم واقعے میں بہت سارے پیغامات اور اسباق ہیں جو ہماری سیاسی، سماجی اور انفرادی زندگی کے مختلف پہلوئوں کو متاثر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حریت قیادت نے کہا کہ اس واقعے نے قربانیاں دینے اور پرہیزگاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

واقعہ کربلا نہ صرف کشمیریوں کے لیے بلکہ پوری دنیا کے مظلوموں کے لیے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنے کے باوجود اپنے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم کو ایک دن شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور کشمیری آزادی کی صبح ضرور دیکھیں گے۔حریت رہنمائوں فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ نے یزید کی بیعت کو مسترد کر کے ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ کر ایک لازوال مثال قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی عظیم قربانی دنیا بھر کے مظلوموں اور انصاف کے متلاشیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔