لاڑکانہ ، تالاب کے قریب کھیلتے ایک ہی خاندان کی چار کمسن بچیاں ڈوب کر جاں بحق

چاروں بچیوں کی لاشیں تالاب سے برآمد کر لی گئیں، بچیاں گزشتہ روز کھیلتے ہوئے تالاب کے پاس چلی گئیں جہاں ایک بچی کا پاؤں پھسل گیا اور وہ پانی میں جا گری،ں بحق بچیوں میں 5 سالہ بشریٰ، 6 سالہ فاطمہ، 7 سالہ حمیرا اور 8 سالہ آمنہ شامل ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 7 جولائی 2025 13:35

لاڑکانہ ، تالاب کے قریب کھیلتے ایک ہی خاندان کی چار کمسن بچیاں ڈوب کر ..
 لاڑکانہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07جولائی 2025)لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری کے گاؤں صاحب خان ملانو میں تالاب کے قریب کھیلتے ہوئے ایک ہی خاندان کی چار کمسن بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں،چاروں بچیوں کی لاشیں تالاب سے برآمد کر لی گئیں،افسوسناک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پو لیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی،امدادی ٹیمیں نے تالاب سے کوششوں کے بعد بچیوں کی لاشیں تالاب سے برآمد کرکے انہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شام چاروں لڑکیاں کھیلتے ہوئے گاؤں کے باہر تالاب میں گر گئی تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچیوں میں 5 سالہ بشریٰ، 6 سالہ فاطمہ، 7 سالہ حمیرا اور 8 سالہ آمنہ شامل ہیں۔پولیس کے مطابق بچیوں کی عمریں 5 سے 8 سال کے درمیان ہیں اور چاروں آپس میں کزن ہیں جبکہ چاروں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کایہ بھی کہنا ہے کہ بچیاں گزشتہ روز کھیلتے ہوئے تالاب کے پاس چلی گئیں جہاں ایک بچی کا پاؤں پھسل گیا اور وہ پانی میں جا گری۔

باقی تینوں بچیاں اسے بچانے کی کوشش میں تالاب میں کود گئیں لیکن بدقسمتی سے چاروں بچیاں پانی میں ڈوب گئیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اندرون سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں تالاب میں نہاتے تین بچے ڈوب گئے تھے۔ واقعہ نواحی گاؤں ولہار میں پیش آیا، جہاں تالاب میں نہاتے کے دوران بچے ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتے ہوئے ڈوبنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے بچوں کی لاشوں کو تالاب سے نکال لیاگیاتھا۔ مرنے والے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ معصوموں کی لاشیں نکالنے کے بعد سول ہسپتال منتقل کردی گئیں تھیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں تھیں۔قبل ازیں بھی لاڑکانہ میں تالاب میں نہاتے ہوئے دو کمسن بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں تھیں۔افسوسناک واقعہ قبوسعید خان کے علاقے میں پیش آیا تھا جہاں گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے دو کمسن بچیاں تالاب میں نہاتے ہوئے اچانک گہرے پانی میں چلی گئیں تھیں جس کے باعث دونوں بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں تھیں۔

جاں بحق بچیوں میں 10 سالہ فاطمہ اور 12 سالہ خالہ زاد بہن گوری شامل ہیں، اہل علاقہ نے دونوں بچیوں کی لاشیں تالاب سے نکال کر رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کردیاگیاتھا۔