شہید برہان مظفر وانی نے قربانی دے کر تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی،چوہدری نعیم اختر

پیر 7 جولائی 2025 17:01

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس چوہدری نعیم اختر نے کہا ہے کہ شہید برہان مظفر وانی نے قربانی دے کر تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی۔ شہید برہان مظفر وانی کا مشن جاری وساری رہے گا شہید برہان وانی کی یوم شہادت کو یوم عزم آزادی کے نام سے منا رہے ہیں بھارتی جبر و استبداد سے آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی مقبوضہ جموں وکشمیر کا بچہ بچہ شہید برہان مظفر وانی کو اپنا ہیرو سمجھتا ہیشہید برہان مظفر وانی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف مزاحمت کی ایک ایسی علامت ہیں کہ جس نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیر کی پڑھی لکھی نوجوان نسل میں جدوجہد کی ایک نئی روح پھونکی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو شہید برہان مظفر وانی کے نویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا انھوں نے مزید کہا کہ شہید برہان مظفر وانی کا یوم شہادت دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم و بربریت اور کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری رہا تو پھر دنیا میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کے نظریے پر عمل پیرا ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے جبکہ ہندوستان میں رہنے والے مسلمان اور دیگر اقلیتیں بھی ہندوتوا کے شر سے محفوظ نہیں۔انھوں نے کہا کہ شہید برہان مظفر وانی کی جرات و بہادری کو کشمیری عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے مقبوضہ جموں وکشمیر کی تاریخ میں شہید برہان مظفر وانی کو جرات اور مزاحمت کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو روک نہیں سکتی بھارت اپنی فوجی طاقت کے ذریعے بہادر کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو نہ دبا سکا اور نا ہی دبا سکے گا۔