بلاوائیو ٹیسٹ: جنوبی افریقی کپتان ویان مولڈر نے 367 کے انفرادی سکور پر اننگز ڈکلیئر کردی ، برائن لارا کا ریکارڈ محفوظ

آل رائونڈر ٹرپل سنچری بنانیوالے دوسرے افریقی کھلاڑی بنے، ان سے پہلے ہاشم آملہ نے ٹرپل سنچری بنائی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 7 جولائی 2025 15:59

بلاوائیو ٹیسٹ: جنوبی افریقی کپتان ویان مولڈر نے 367 کے انفرادی سکور پر ..
بلاوائیو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 جولائی 2025ء ) بلاوائیو ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے کپتان ویان مولڈر نے ٹرپل سنچری بنا ڈالی۔ 
ویان مولڈر جنوبی افریقا کی جانب سےٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے، ویان مولڈر نے 297 گیندوں پرٹرپل سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے دوسرے جنوبی افریقی کھلاڑی بن گئے۔

 
مولڈر سے پہلے جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے ٹرپل سنچری بنائی تھی تاہم اب مولڈر نے ہاشم آملہ کا 311 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

(جاری ہے)

 

ہاشم آملہ نے 2012ء میں انگلینڈ کے خلاف 311 رنز کی اننگز کھیلی تھی جب کہ اب مولڈر نے 367 رنز سکور کیے ہیں ۔ 
مولڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کی دوسری تیز ترین ٹرپل سنچری بنائی ہے اور ان سے قبل تیز ترین ٹرپل سنچری بنانے کا ریکارڈ بھارت کے وریندر سہواگ کے پاس تھا جنہوں نے 278 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

 
جنوبی افریقہ کے صرف 6 بلے بازوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 275 کا ہندسہ عبور کیا ہے اور ویان مولڈر اب اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔ وہ اے بی ڈی ویلیئرز، گریم اسمتھ، ڈیرل کلینن اور گیری کرسٹن جیسے ناموں میں شامل ہوگئے ہیں۔ 
واضح رہے کہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ بلاوائیو میں جاری ہے۔