محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فوج، رینجرز، پولیس کی جانب سے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے گئے،حاجی جاوید میمن

پیر 7 جولائی 2025 21:10

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی فورسز کے اداروں، رینجرز، پولیس کی جانب سے فل پروف سیکیورٹی اقدامات اٹھانے پر سیکیورٹی داروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فوج، رینجرز، پولیس کی جانب سے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے گئے تھے، ماتمی جلوس کی گزر گاہوںپر سخت حفاظتی اقدامات، داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی ، خفیہ کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی اور سیکیورٹی کی بہتر حکمت عملی کی بدولت سکھر سمیت کہیں بھی کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

جس پر ہم سیکیورٹی فورسز کے اداروں کے افسران، جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے جاری کردہ بیان میں حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ عاشورہ کے دوران طبی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے رضاکاروں بالخصوص ایدھی، 1122، سول ڈیفنس و دیگر رضاکاروں کی خدمات کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، جنہوں نے بروقت اور فوری طبی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر صف اول کا کردار ادا کیا اور عزاداروں، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد مہیا کی اور انہیں بروقت اسپتالوں تک پہنچایا جس پر تاجر برادری سیکیورٹی اداروں اور رضاکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہے۔