کام کی جگہ پر ہراسانی کسی بھی مہذب معاشرے کیلئے ناقابلِ قبول ہے، فوزیہ وقار

پیر 7 جولائی 2025 22:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) وفاقی محتسب پاکستان فوزیہ وقار نے کہا ہے کہ کام کی جگہ پر ہراسانی کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ ہر فرد کو اپنے کام کے ماحول میں عزت، وقار اور تحفظ کے ساتھ کام کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فوزیہ وقار نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے تحفظ خواتین(فوسپاہ) اس مقصد کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے تاکہ خواتین اور مرد ملازمین کو ہراسانی جیسے منفی رویوں سے محفوظ رکھا جا سکے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے ایک خوشگوار اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری صرف شکایات کا ازالہ کرنا نہیں بلکہ اداروں کے اندر ایسا نظام تشکیل دینا ہے جو ہراسانی کے واقعات کی روک تھام کرے اور ہر فرد کو اس کے قانونی حقوق سے آگاہ کرے۔

(جاری ہے)

ہم سب کو مل کر ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں ہر فرد اپنی قابلیت اور مہارت کے مطابق آزادانہ اور محفوظ طریقے سے کام کر سکے۔ جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ کام کی جگہ پر ہراسانی کے خاتمے اور محفوظ، مثبت ماحول کے قیام کے لیے میپکو انتظامیہ پرعزم ہے۔ میپکو میں کسی بھی قسم کی ہراسانی یا غیر اخلاقی رویے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور تمام افسران و ملازمین کو اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے کام کی جگہ پر عزت و احترام اور ذہنی سکون کے ساتھ فرائض انجام دینے کا حق حاصل ہے۔ ملازمین کو چاہیے کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی ہراسانی یا بدسلوکی کا سامنا ہو تو وہ بلا خوف و خطر فوری طور پر ادارے کے سربراہ سے رجوع کریں تاکہ ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ لیگل ایڈوائزر وفاقی محتسب شاہ زیب نے ہراسمنٹ ایکٹ بارے مفصل بریفنگ دی اور سوالات کے جواب بھی دئیے۔ اس موقع پر شعبہ ایڈمن، ہیومن ریسورس، لیگل، پبلک ریلیشنز، ٹرانسپورٹ، سکیورٹی، فنانس، پلاننگ، آئی ٹی، کنسٹرکشن، آپریشن، کمرشل، کسٹمرسروسز سنٹر، کانفیڈنشل، ایڈمن اینڈ سروسز، آڈٹ اور دیگر شعبوں کے افسران و ملازمین بھی بڑی تعدا دمیں موجود تھے۔