امریکہ: ٹیکساس کے طوفانی سیلاب میں ہلاکتوں پر گوتیرش کا اظہار افسوس

یو این منگل 8 جولائی 2025 04:00

امریکہ: ٹیکساس کے طوفانی سیلاب میں ہلاکتوں پر گوتیرش کا اظہار افسوس

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 08 جولائی 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا ہے جس میں چوبیس سے زیادہ بچوں سمیت کم از کم 80 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اپنے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ انہیں سیلاب میں انسانی جانوں کے المناک نقصان پر دلی صدمہ پہنچا ہے۔

4 جولائی کو امریکہ میں یوم آزادی منایا جا رہا تھا جب تمام لوگ بیرون خانہ تقریبات میں خوشی مناتے ہیں۔ ایسے موقع پر قدرتی آفت سے ہونے والی تباہی اور اس میں بچوں کی ہلاکتیں افسوسناک ہیں۔

انہوں نے ہلاک ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں سے ہمدردی اور سیلاب سے متاثرہ افراد، ٹیکساس کے لوگوں اور امریکہ کی حکومت سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

طوفانی بارشیں

اطلاعات کے مطابق، 4 جولائی کو شدید بارشوں کے نتیجے میں آںے والے سیلاب سے ٹیکساس کے وسطی علاقوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ سیلابی پانی نے کیمپنگ کے ایک مقام کو بھی لپیٹ میں لے لیا جہاں قیام پذیر کم از کم 27 افراد پانی میں بہہ کر ہلاک ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ ادارے سے وابستہ تمام لوگوں کو سیلاب سے ہونے والی تباہی اور انسانی نقصان پر دلی صدمہ پہنچا ہے۔

انہوں نے بچوں سمیت ہلاک اور لاپتہ ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ٹیکساس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ مزید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔