گورنر خیبرپختونخوا نے ملک فرحان افضل دھپ کی گرفتاری کو وزیر اعلی ٰکی بوکھلاہٹ قرار دیا

منگل 8 جولائی 2025 16:00

گورنر خیبرپختونخوا نے ملک فرحان افضل دھپ کی گرفتاری کو وزیر اعلی ٰکی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان پیپلز پارٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ کی گرفتاری کو وزیر اعلی کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ۔

(جاری ہے)

گورنر ہائوس پشاور سے جاری بیان کےمطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مظلوم متاثرین کی آواز بلند کرنے پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اور پولیس کی بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ انکی گرفتاری جہاں وزیر اعلی کی بوکھلاہٹ ظاہر کرتی ہے وہیں اس ایکشن نے غیر سیاسی پولیس کے دعووں کی بھی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق اور انصاف کی بات کی ہے، 26 مئی کو صوبہ بچاؤ مہم کے کامیاب احتجاجی مظاہرہ سے بوکھلاہٹ کا شکار صوبائی حکومت ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پولیس قیام امن میں ناکام اور سیاسی انتقام میں مصروف ہے ، ڈیرہ اسماعیل خان میں غریب کی دکانوں ، گھروں اور املاک کو مسمار کیا جاتا ہے اس کا حساب لیا جاتا ہے ۔