برہان وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک2ہزا62 کشمیری شہید

شہادتوں کے نتیجے میں166خواتین بیوہ اور413بچے یتیم ہوئے،رپورٹ

منگل 8 جولائی 2025 16:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء) غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نی8جولائی 2016 میں معروف نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد سے اب تک 2ہزار62کشمیریوں کو شہید کیا ہے ۔ان میں سے 337کشمیریوںکو جعلی مقابلوںیا دوران حراست شہید کیاگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سکیشن کی طرف سے آج برہان وانی کے نویں یوم شہادت کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ ان شہادتوں کے نتیجے میں166خواتین بیوہ اور413بچے یتیم ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دورا ن حریت رہنمائوں ، نوجوانوں ، صحافیوں ، علمائے کرام اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت 41ہزار242کشمیریوںکو گرفتارکیاگیا۔ بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر گولیوں، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولوں سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کم سے کم 30ہزار112کشمیری زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو 2016 میں آج ہی کے دن ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکر ناگ میں دو ساتھیوں کے ہمراہ ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیاتھا۔ ان کے ماورائے عدالت قتل پر مقبوضہ علاقے میں کئی ماہ تک ایک زبردست عوامی احتجاجی تحریک چلی تھی جس دوران بھارتی فوجیوں نے فائرنگ ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے 150سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی متعدد بین الاقوامی تنظیموں نے مقبوضہ علاقے میں طاقت کے وحشیانہ استعمال، مواصلاتی بلیک آئوٹ اور بھارتی قابض فوج کومقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں پر حاصل استثنیٰ پر تشویش ظاہر کی ہے۔