اب کسی قسم کا سیاسی اتحاد بنانا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں رہی‘ ملک افضل کھوکھر

پی ٹی آئی کے اپنے لوگ انکی پختونخوا میں کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں،ان کی وفاداریوں پہ کسی کو یقین نہیں

منگل 8 جولائی 2025 16:22

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ اب کسی قسم کا سیاسی اتحاد بنانا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں رہی،پی ٹی آئی کے اپنے لوگ انکی پختونخوا میں کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں،ان کی وفاداریوں پہ کسی کو یقین نہیں ہے۔انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی طاقت کھو چکی، اب کوئی تحریک چلانے کے قابل نہیں،پی ٹی آئی کو اپنی مشکلات کے انبار میں مزید اضافے کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔

(جاری ہے)

اب کسی قسم کا سیاسی اتحاد بنانا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں رہی۔انہوں نے پنجاب اسمبلی میں 26اراکین کی معطلی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر کے پاس وہی اختیارات ہیں جو گھر کے بڑے کے پاس ہوتے ہیں، اگر آپ اس حلف کی پامالی کرتے ہیں تو سپیکر کے پاس اختیارات ہیں کہ کسی بھی ممبر کو معطل کر سکیں۔اگر 26اراکین اسمبلی نے ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے تو ان کے خلاف ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کو بھیجا جا سکتا ہے۔ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا جمہوری حق ہے، لیکن کرسیوں کا توڑ پھوڑ کرنا یا مائیک اکھاڑنا احتجاج نہیں بلکہ بدنظمی ہے۔ایسے واقعات پر قانون کو اپنا راستہ اپنانا چاہیے۔