معروف گلوکار جمال اکبر کو وسویں آئیکون ایوارڈ سے نواز ا گیا

جمال اکبر کی فنی خدمات قابل ستائش ہیں ،صدارتی ایوارڈ دیا جائے ،سلیم بلوچ دنیا بھر میں پاکستان کی موسیقی کو پسند کیا جاتا ہے،جمال اکبر کا تقریب سے خطاب

منگل 8 جولائی 2025 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)برطانیہ میں مقیم بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار جمال اکبر کو کراچی میں پچاس سالہ فنی خدمات پر دسویں آئیکون ایوارڈ سے نواز ا گیا ۔تقریب کا اہتمام چیف ایگزیکٹو آئیکون ایوارڈز عظمیٰ صابر اور رحمت اللہ میمن کی جانب سے کیا گیا تھا ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سلیم بلوچ مہمان خصوصی تھے ۔

تقریب میں گلوکار فاخر ،فلم اسٹار علی خان ،فلمی اداکارہ ممتاز ، افشاں قریشی،جی ایم پی ٹی وی امجد شاہ،منور سعید اور دیگر بھی موجود تھے۔سلیم بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ جمال اکبر ملک و قوم کا سرمایہ ہیں ۔انہوںنے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔گلوکاری کے میدان میں اتنی طویل مدت تک اپنا لوہا منوانا ایک بڑے گلوکار کی نشانی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جمال اکبر کی آوازمیں گائے ہوئے گانے آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ایوارڈز کے ذریعہ اپنے ہیروز کی پذیرائی کرنا خوش آئند قدم ہے ۔میں آئیکون ایوارڈز کے آرگنائزر کو مبارکباد دیتاہوں کہ انہوںنے اتنی خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا ۔جمال اکبر نے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں استاد مہدی حسن کی وجہ سے ہوں ۔

مجھے ان کے پہلے شاگرد ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔میں آئیکون ایوارڈز کے آرگنائزرز کا شکر گزار ہوں کہ انہوںنے مجھے اس ایوارڈ سے نوازا ۔انہوںنے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی موسیقی کو پسند کیا جاتا ہے ۔میں نے دنیا کے ہرکونے میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے جہاں لوگوں سے بھرپور پذیرائی ملی ہے ۔پوری دنیا میں لوگ پاکستانی موسیقی سے شیدائی ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی والے دن میں نے ایک نظم پڑھی تھی جس کے باعث مجھے پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سے بین کردیا گیا اور مجھے جلاوطنی اختیار کرنا پڑی ۔ملک میں جمہوریت کی بحالی کے بعد میرا پاکستان آنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا اور اب میں موسیقی کے چاہنے والوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرتا رہتا ہوں ۔عظمیٰ صابر نے کہا کہ آئی کون ایوارڈز کے ذریعہ ہم ان افراد کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں جنہوںنے زندگی کے مختلف شعبوں میں ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ۔جمال اکبر موسیقی کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں ۔ہمیں امید ہے کہ حکومتی سطح پر ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا ۔