خواتین یونیورسٹی میں 9 جولائی کو مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 58 ویں برسی کے موقع پر کانفرنس و ایوارڈز کا انعقاد کیا جائے گا

منگل 8 جولائی 2025 20:58

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) سماجی رہنما و صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ نئی نسل کو پاکستان کے لئے اکابرین پاکستان کی شاندار جہدوجہد، قربانیوں اور خدمات سے روشناس کروایا جانا وقت کی ضرورت ہے ۔مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اپنے بھائی بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔

انہوں نے قیام پاکستان کی تحریک میں خواتین کی قیادت کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کیا۔ ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ہر سال ان کا یوم وفات اور یوم ولادت کو بھرپور طریقے سے مناتے ہوئے نہ صرف نئی نسل کو ان کی خدمات سے روشناس کرواتی ہے بلکہ علمی، تعلیمی، سیاسی و سماجی شخصیات کو ان سے منسوب مادر ملت ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس سال بھی حسبِ روایت ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے زیراہتمام مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی 58 ویں برسی کے موقع پر سالانہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کانفرنس و ایوارڈز 2025 کی تقریب آج (9 جولائی )صبح دس بجے خواتین یونیورسٹی ملتان میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوگی۔

جس کے مہمانان خصوصی مقصودہ انصاری رکن صوبائی اسمبلی پنجاب، سابق ڈائریکٹر کالجز و صدر نظریہ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی،مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی سجادہ نشین دربار حضرت داؤد جہانیاں ملتان، مرید حسین ملک چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر سٹڈیز بی زیڈ یو ملتان اور طاہرہ نجم ایگزیکٹو ممبر اپوا ہونگے جبکہ میزبان و منتظم اعلیٰ نعیم اقبال نعیم صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ہونگے۔