وفاقی وزیر صحت کی زیر صدارت ڈریپ اجلاس ، میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کا آن لائن نظام پر بریفنگ

منگل 8 جولائی 2025 22:42

وفاقی وزیر صحت کی زیر صدارت ڈریپ اجلاس ، میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ آن لائن نظام میڈیکل ڈیوائسز کی بروقت اور شفاف دستیابی کو یقینی بنائے گا، جس سے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ وفاقی وزیر صحت کی زیر صدارت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں میڈیکل ڈیوائسز کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے لیے نئے آن لائن نظام پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نظام کے خدوخال، افادیت اور عمل درآمد کے مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر صحت نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ آن لائن نظام میڈیکل ڈیوائسز کی بروقت اور شفاف دستیابی کو یقینی بنائے گا، جس سے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے میڈیکل ڈیوائس انڈسٹری کا حکومتی اداروں پر اعتماد بڑھے گا، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

مصطفی کمال نے ڈریپ میں جاری اصلاحاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے تمام مراحل کو مزید آسان، شفاف اور سرمایہ کار دوست بنایا جا سکے۔اجلاس میں مختلف اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی اور آن لائن سسٹم کے حوالے سے اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔ وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سسٹم کو جلد از جلد فعال بنایا جائے اور تمام صارفین کو اس سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔؂