ملک کے بڑے ڈیمز میں پانی کا وافر ذخیرہ، دریاؤں میں روانی معمول کے مطابق ، واپڈا نے تفصیلات جاری کر دیں

منگل 8 جولائی 2025 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) ملک بھر کے بڑے آبی ذخائر اور دریاؤں میں پانی کی صورتحال تسلی بخش ہے، جس سے نہ صرف زرعی ضروریات بلکہ بجلی کی پیداوار کے لیے بھی امید افزا امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ واپڈا کے ترجمان کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 74 لاکھ 7 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 87 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 82 ہزار 100 کیوسک ہے۔ منگلا میں دریائے جہلم کی آمد 22 ہزار کیوسک اور اخراج 8 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 64 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 45 ہزار 800 کیوسک ہے۔ ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب کی آمد 71 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 44 ہزار 300 کیوسک ہے۔

(جاری ہے)

نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل کی آمد و اخراج دونوں 50 ہزار 400 کیوسک ہے۔آبی ذخائر کی موجودہ سطح کے مطابق تربیلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1521.06 فٹ اور ذخیرہ 41 لاکھ 44 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔منگلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1180.90 فٹ اور ذخیرہ 31 لاکھ 45 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ چشمہ ریزروائر میں پانی کی سطح 644.20 فٹ اور ذخیرہ 1 لاکھ 18 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔ واپڈا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نہ صرف زرعی سرگرمیوں بلکہ آبی و برقی ضروریات کے لیے بھی انتہائی سازگار ہے، تاہم پانی کے بہتر اور دانشمندانہ استعمال پر زور دیا گیا ہے۔