غیرقانونی شیروں کیخلاف آپریشن، ملتان سے مگر مچھ و نایاب جانور برآمد

منگل 8 جولائی 2025 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں غیرقانونی طور پر شیروں، بگ کیٹس اور دیگر درندوں کو رہائشی علاقوں اور فارم ہاؤسز میں رکھنے کے خلاف جاری مہم زور و شور سے جاری ہے۔سینئر وزیر اطلاعات و ثقافت مریم اورنگزیب اور سیکریٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری مدثر ریاض ملک براہِ راست آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی خود چھاپہ مار ٹیموں کی قیادت کر رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں وائلڈ لائف رینجرز ملتان ریجن نے شیر کی موجودگی کی اطلاع پر ملتان شہر کے رہائشی علاقے میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر عظیم ظفر اور اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع ملتان منور حسین نجمی کی قیادت میں ٹیم نے عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرکے گھر میں کارروائی کی۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران شیر تو برآمد نہ ہو سکا، تاہم گھر سے غیرقانونی طور پر رکھے گئے ایک مگر مچھ، دو نایاب کچھوے اور راء نسل کا طوطا برآمد کر لیا گیا، جنہیں فوری طور پر محفوظ تحویل میں لے لیا گیا۔

کارروائی کے دوران ایک شخص کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ مکان کے مالک کے خلاف مقامی تھانہ میں مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔محکمہ وائلڈ لائف نے واضح کیا ہے کہ غیرقانونی طور پر نایاب یا خطرناک جانور رکھنا وائلڈ لائف ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ کی جانب سے شہریوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ نایاب یا درندہ جانور بغیر اجازت یا لائسنس کے اپنے گھروں یا فارم ہاؤسز میں رکھنے سے گریز کریں۔