آسیان ممالک کے سفیروں کی نائب وزیراعظم سے ملاقات

منگل 8 جولائی 2025 23:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کا خواہاں ہے اور خطے میں اقتصادی خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ پاکستان میں تعینات آسیان ممالک کے سفیروں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں میانمار، برونائی دارالسلام، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے ہیڈز آف مشنز شریک ہوئے۔ سفرا نے پاکستان اور آسیان کے درمیان طویل مدتی تعاون اور اشتراک کی اہمیت پر زور دیا اور خطے میں پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار رواں ہفتے آسیان کے 32 ویں وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں وہ تجارتی روابط، اقتصادی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کے امکانات پر گفتگو کریں گے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کا خواہاں ہے اور خطے میں اقتصادی خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے شراکت داری کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔