Live Updates

وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے ”خیبر پاس“ کے نام سے صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل شناختی نظام کا اجراء کردیا

اب شہریوں کی تمام شناختی معلومات اور کوائف آن لائن دستیاب ہوں گے، شہریوں کو تمام سہولیات اور خدمات کیلئے دفاتر کے چکر لگانے اور قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ وزیراعلی علی امین گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 جولائی 2025 21:50

وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے ”خیبر پاس“ کے نام سے صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 08 جولائی 2025ء ) وزیراعلی علی امین خان گنڈاپور نے ”خیبر پاس“ کے نام سے صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل شناختی نظام کا اجراء کردیا۔ خیبر پاس کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پاس سرکاری محکموں کی خدمات تک آسان رسائی کا ایک انقلابی اقدام ہے، ابتدائی طور پر اس نظام کے تحت تین خدمات فراہم کی جارہی ہیں، آنے والے دنوں میں صحت کارڈ سمیت صوبائی حکومت کی تمام خدمات اور سہولیات کو اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔

لوگوں کو زیادہ سے سہولیات کی فراہمی، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لئے سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنا بہت ضروری یے، ہم عمران خان کے وژن کے مطابق تمام سیکٹرز میں نظام کو زیادہ زیادہ ڈیجیٹائز کرنے پر کام کر رہے ہیں، ہم ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں حکومت اور شہریوں دونوں کےلئے آسانی ہو۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت میں کافی چیزیں ڈیجیٹائز کر دی ہیں اور بہت کچھ کرنا باقی ہے، مختلف شعبوں میں نظام کی ڈیجیٹائزیشن کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں، صرف چالان کی ڈیجیٹائزیشن سے حکومت کو تقریباً 3 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔

صحت کارڈ کی مانیٹرنگ شرو ع کی ، علاج معالجہ کی شرح بڑھنے کے باوجود 13 ارب روپے کم لاگت آئی، جب ہم حکومت میں آئے تو خزانہ خالی تھا اور اس وقت خزانے میں 190 ارب روپے موجود ہیں۔ ڈیجیٹائزیشن کا یہ سفر تیز رفتاری سے جاری ہے، امید ہے ہم اپنے اہداف جلد حاصل کر لیں گے، ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناکر عوام کا اعتماد بحال کریں گے۔

وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پاس ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ڈیجیٹل شناختی نظام ہے۔ یہ ڈیجیٹل شناختی پلیٹ فارم کیو آر کوڈ سسٹم پر مبنی ہے۔ خیبر پاس ڈیجیٹل شناختی نظام کو نادرا سسٹم اور دیگر سرکاری ریکارڈ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ خیبر پاس کے تحت صوبائی شہریوں کی تمام شناختی معلومات اور کوائف آن لائن دستیاب ہونگی۔

خیبر پاس کے تحت ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے شہری صوبائی حکومت کے تمام شہری خدمات اور سہولیات تک بآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس نظام سے شہریوں کو مختلف خدمات کے حصول کے لیے الگ الگ رجسٹریشن کرنے اور فارم بھرنےکی ضرورت نہیں پڑے گی۔ خیبر پاس کے تحت ایک ہی کیو کوڈ کے ذریعے صحت، تعلیم، ٹیکس، لائسنس، جائیداد سمیت دیگر خدمات حاصل کی جا سکیں گی۔

شناختی کیو آر کوڈ سے شہریوں کو تمام سہولیات اور خدمات آن لائن دستیاب ہونگی اور لوگوں کو الگ الگ دفاتر کے چکر لگانے اور قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ تقریب میں وزیر اعلی نے ایبٹ آباد اور بنوں کے سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کا بھی افتتاح کیا۔ سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز میں مختلف سرکاری محکموں کی عوامی خدمات ون ونڈو آپریشن کے تحت ایک ہی جگہ فراہم ہونگی۔

  ان مراکز میں عوامی خدمات کے محکموں کے تحت 19 مختلف خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ایک ایک فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان اور سوات میں دو سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کا افتتاح پہلے سے کیا جا چکا ہے۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں یہ مراکز ہر ضلع کی سطح پر اور تیسرے مرحلے میں تحصیل سطح تک قائم کیے جائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات