جنوبی پنجاب میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے،وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت

منگل 8 جولائی 2025 22:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں خواتین کو محفوظ ماحول کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نےکہاکہ جنوبی پنجاب میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے اس لئے اداروں میں شکایات کے ازالے کیلئے مؤثر نظام قائم کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں ہراسگی کے خلاف پالیسیوں اور اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور محتسب دفاتر کو فعال بنانے اور آگاہی مہم تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں خواتین کی فلاح اور تحفظ کیلئے سرکاری اداروں اور محتسب سیکرٹریٹ کے مابین ہم آہنگی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے اور وہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ خواتین کو باختیار بنانے کے حوالے سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے متعدد سیمینارز منعقد کرائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے قلیل عرصے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔سیکرٹریٹ کا تمام نظام ڈیجیٹالائزڈ کر دیا گیا یے اور محکموں میں الیکٹرانک فائلنگ سسٹم رائج ہے۔

مصنوعی ذہانت و آئی ٹی کی نمائش کا انعقاد اور ’’ کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہے گا‘‘ مہم قابل فخر اقدامات ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ چولستان کے تاریخی قلعوں کو محفوظ بنانے کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیاہے۔اس کے علاوہ ضلع بہاولنگر کو مویشیوں کی منہ کُھر کی بیماری سے پاک کرنے کے منصوبے پر78 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔